حملے کے بعد پنجاب بھر میں سیکیورٹی ہائی الرٹ
لاہور: اسلام آباد میں حالیہ خودکش حملے کے بعد محکمہ داخلہ پنجاب نے صوبے بھر میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی ہے۔ تمام اضلاع میں سیکیورٹی پلان پر مکمل عملدرآمد کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔
محکمہ داخلہ نے دہشت گردی کے ممکنہ خطرات کے پیش نظر پیشگی اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔ حساس، اہم اور گنجان آباد علاقوں میں سیکیورٹی بڑھانے کے لیے خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
ذرائع کے مطابق تمام اضلاع کے کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز، آئی جی پنجاب، سی سی پی او لاہور اور دیگر سکیورٹی اداروں کو بھی ہائی الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ عوامی مقامات، حکومتی دفاتر اور تعلیمی اداروں میں نفری بڑھا دی گئی ہے۔