جی11 کچہری کے قریب خودکش دھماکہ،5 افراد جاں بحق
اسلام آباد میں منگل کو دوپہر تقریباً ساڑھے بارہ بجے جی-11 سیکٹر کی کچہری کے قریب ایک گاڑی میں شدید دھماکہ ہوا۔ دھماکے کی شدت اتنی تھی کہ آس پاس کے علاقوں میں بھی اس کی آواز سنی گئی اور دھماکے کے نتیجے میں گاڑی میں آگ لگ گئی جبکہ قریب کھڑی دیگر گاڑیاں بھی متاثر ہوئیں۔
ذرائع کے مطابق اس دھماکے میں ابتدائی طور پر 5 افراد شہید اور 20 سے زائد زخمی ہوئے، جن میں وکلا اور عام شہری شامل ہیں۔ زخمیوں کو فوری طبی امداد کے لیے پاکستان ایمبیولینس سروسز کے ذریعے پمز اسپتال منتقل کیا گیا۔
پولیس کے مطابق دھماکہ خودکش حملہ تھا اور جائے وقوعہ سے حملہ آور کا سر بھی برآمد ہوا ہے۔ ابتدائی تحقیقات میں بتایا گیا ہے کہ اس حملے میں مبینہ طور پر ہندوستانی اسپانسرڈ اور افغان طالبان کی پراکسی گروہ فتنہ الخوارج ملوث ہو سکتی ہے۔
پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے اور دھماکے کی نوعیت اور اس کے پس منظر کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔