بریکنگ نیوز

قلات،قبائلی رہنما سمیت چار افراد جاں بحق

نومبر 9, 2025 admin
قلات،قبائلی رہنما سمیت چار افراد جاں بحق

قلات،قبائلی رہنما سمیت چار افراد جاں بحق۔ بلوچستان کے ضلع قلات کی تحصیل خالق آباد منگچر کے علاقے سربند میں نامعلوم مسلح افراد کی اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں معروف قبائلی رہنما شاکر سعداللہ لانگو، ان کے بھائی شاکر خیراللہ لانگو سمیت چار افراد موقع پر جاں بحق ہوگئے۔

لیویز ذرائع کے مطابق فائرنگ کا واقعہ زرد غلام جان کے قریب پیش آیا، جہاں نامعلوم حملہ آوروں نے گاڑی کو نشانہ بنایا۔ فائرنگ اتنی شدید تھی کہ گاڑی میں سوار چاروں افراد موقع پر دم توڑ گئے جبکہ حملہ آور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
جاں بحق ہونے والوں کی شناخت درج ذیل کے طور پر کی گئی ہے:
شاکر سعداللہ لانگو ولد مولا بخش،شاکر خیراللہ لانگو ولد مولا بخش،محمد کریم ولد محمد (سکنہ حال کوئٹہ)،محمد ظاہر ولد خالقداد اقوام لانگو
واقعے کی اطلاع ملتے ہی لیویز فورس اور ضلعی انتظامیہ موقع پر پہنچ گئی اور لاشوں کو ضروری کارروائی کے بعد قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔ابتدائی معلومات کے مطابق فائرنگ کی وجوہات فوری طور پر معلوم نہیں ہوسکیں تاہم ذرائع کے مطابق واقعہ پرانی قبائلی دشمنی یا زمین کے تنازع کا شاخسانہ ہوسکتا ہے۔
انتظامیہ نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات شروع کر دی ہیں، جبکہ نامعلوم ملزمان کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔علاقے میں فائرنگ کے اس واقعے کے بعد شدید خوف و ہراس پھیل گیا ہے، جبکہ قبائلی حلقوں اور عوامی نمائندوں نے واقعے کی سخت مذمت کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ذمہ داروں کو جلد از جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔