بریکنگ نیوز

2.5 لاکھ مشکوک کارڈز پکڑےگئے،اکثریت افغانی نکلے

نومبر 6, 2025 admin
2.5 لاکھ مشکوک کارڈز پکڑےگئے،اکثریت افغانی نکلے
2.5 لاکھ مشکوک کارڈز پکڑےگئے،اکثریت افغانی نکلے۔ملک میں غیر قانونی مقیم افغان باشندوں کے خلاف کارروائی مزید سخت ہو گئی ہے، اور نادرا نے ڈھائی لاکھ سے زائد جعلی پاکستانی شناختی کارڈ رکھنے والے افراد کی نشاندہی کی ہے۔

 

ذرائع کے مطابق، خصوصی سافٹ ویئر کے ذریعے مشکوک شناختی کارڈز کی جانچ کی گئی، جس میں فیملی ٹری کی کمپوزیشن کو دیکھا گیا۔ اس عمل کے دوران سب سے زیادہ مشکوک شناختی کارڈ افغان باشندوں کے نکلے۔

مذکورہ افراد کو پشین، چمن اور کوئٹہ میں مقیم پاکستانی شہریوں کی فیملی ٹری میں شامل کیا گیا تھا، اور بعض ایجنٹس نے بھاری رقم کے عوض غیر قانونی طور پر افغان باشندوں کو پاکستانی فیملی ٹری میں شامل کروایا۔

نادرا نے ہدایت دی ہے کہ تمام بلاک شدہ شناختی کارڈ رکھنے والے افراد نادرا دفاتر میں جا کر اپنی شناخت کی تصدیق کرائیں، ورنہ مقررہ مدت کے بعد ان کے کارڈ منسوخ کر دیے جائیں گے۔

اسلام آباد میں تھانہ سبزی منڈی کے مختلف علاقوں میں گرینڈ سرچ آپریشن بھی جاری ہے، جس کی سربراہی ایس ایس پی آپریشنز محمد شعیب خان کر رہے ہیں۔ سرچ آپریشن میں ایس پی صدر زون، ایس پی انڈسٹریل ایریا زون، ایس ڈی پی او شہزاد ٹاؤن اور دیگر پولیس افسران بھی شامل ہیں۔

سرچ آپریشن کے دوران 221 افراد اور 65 دکانوں کی جانچ کی گئی، 43 موٹر سائیکلیں اور 31 گاڑیاں چیک کی گئیں، جبکہ غیر قانونی طور پر مقیم 69 افغانیوں کو تھانے منتقل کیا گیا۔ آئی جی اسلام آباد نے ضلع بھر میں جرائم کی روک تھام کے لیے مزید گرینڈ سرچ آپریشنز کے احکامات جاری کیے ہیں۔