پاکستان نے جنوبی افریقہ کیخلاف ٹی20 سیریز جیت لی
لاہور: فیصلہ کن ٹی 20 میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کو شکست دے کر سیریز اپنے نام کر لی۔ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں قومی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا، اور گراؤنڈ میں ڈینگی سپرے بھی کیا گیا۔
جنوبی افریقہ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 139 رنز بنائے۔ مہمان ٹیم کی جانب سے ریزا ہینڈرکس نے 34 رنز، کپتان ڈونووان فریرا نے 29 رنز، ڈیوالڈ بریوس نے 21 رنز اور اینڈائل سمیلنے 13 رنز بنائے۔ کوربن بوش 30 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے، جبکہ تین کھلاڑی صفر پر آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ فہیم اشرف اور ٹی 20 میں ڈیبیو کرنے والے عثمان طارق نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
ہدف کے تعاقب میں پاکستان کا آغاز آہستہ تھا، صائم ایوب بغیر کوئی رنز بنائے آؤٹ ہوئے۔ بعد ازاں سلمان علی آغا اور بابر اعظم نے شاندار کھیل پیش کیا۔ سلمان علی آغا نے 33 رنز، بابر اعظم نے 68 رنز بنائے۔ حسن نواز 5 رنز پر اور محمد نواز بغیر کوئی رنز بنائے پویلین واپس گئے۔ یوں پاکستان نے 140 رنز کا ہدف 19 اوورز میں مکمل کر کے شاندار فتح حاصل کی۔