بھارت نے آسٹریلیا کو شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا، آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں بھارت نے آسٹریلیا کو شکست دے کر فائنل کے لیے جگہ بنا لی ہے۔ بھارت اور جنوبی افریقہ 2 نومبر کو فائنل میں مد مقابل ہوں گے۔
آسٹریلیا نے جیت کے لیے 339 رنز کا ہدف دیا تھا، جسے بھارت نے صرف 3 گیندیں قبل 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ بھارت کی تاریخی فتح میں اسٹار بیٹر جمیما روڈریگز کی شاندار 127 رنز کی ناقابل شکست اننگز شامل رہی، جس پر انہیں میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
میچ کے بعد جمیما نے کہا کہ یہ ذاتی کامیابی نہیں، بلکہ وہ صرف اپنی ٹیم کو جتوانا چاہتی تھیں۔ انہوں نے اپنے والدین، کوچ اور ٹیم کے دیگر افراد کا شکریہ ادا کیا۔ جمیما نے انکشاف کیا کہ انہیں آخری لمحے تک معلوم نہیں تھا کہ وہ نمبر تین پر بیٹنگ کریں گی اور یہ ان کے لیے جذباتی لمحہ تھا۔
انہوں نے اپنی حالیہ مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پچھلا مہینہ ان کے لیے بے حد کٹھن رہا، لیکن انہوں نے خود پر یقین رکھا اور ٹیم کی حمایت سے یہ فتح حاصل ہوئی۔
جمیما نے شائقین کا بھی شکریہ ادا کیا اور کہا، "یہ جیت میری نہیں، پورے بھارت کی جیت ہے۔”
یاد رہے کہ پہلے سیمی فائنل میں جنوبی افریقہ نے انگلینڈ کو شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کیا تھا۔