خودکش حملے کی تیاری ناکام بنادی،3 خوارج ہلاک
شمالی وزیرستان: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے جھلر میں ایک بڑی دہشت گردی کی کارروائی ناکام بناتے ہوئے خودکش حملے کے لیے تیار کی گئی گاڑی تباہ کر دی اور تین خوارج کو ہلاک کر دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی اسپانسرڈ فتنہ الخوارج کی موجودگی اور گاڑی کے ذریعے خودکش حملے کی تیاری کی اطلاعات موصول ہونے پر فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ بروقت آپریشن کیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے انتہائی مہارت سے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں ممکنہ تباہ کن حملہ ناکام بنایا گیا اور تین خوارج ہلاک ہوئے۔
آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ سیکیورٹی فورسز علاقے میں موجود کسی بھی خطرہ کا مکمل خاتمہ یقینی بنانے کے لیے مسلسل کارروائیوں میں مصروف ہیں۔