بریکنگ نیوز

شاہین آفریدی کو پاکستان ون ڈے ٹیم کا کپتان مقرر، جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز میں قیادت کریں گے

اکتوبر 20, 2025 admin
شاہین آفریدی کو پاکستان ون ڈے ٹیم کا کپتان مقرر، جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز میں قیادت کریں گے

اسلام آباد (اسپورٹس ڈیسک):
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کو قومی ون ڈے ٹیم کا کپتان مقرر کر دیا ہے۔ شاہین جنوبی افریقہ کے خلاف تین ون ڈے میچز کی سیریز میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی قیادت کریں گے۔

پی سی بی کے مطابق، شاہین کی تقرری کا فیصلہ اسلام آباد میں ہونے والے اجلاس کے دوران کیا گیا، جس میں ہیڈ کوچ مائیک ہیسن، ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس عاقب جاوید اور سلیکشن کمیٹی کے ارکان شریک تھے۔ اجلاس میں ٹیم کی مستقبل کی حکمتِ عملی اور ورلڈکپ 2027 کی تیاریوں پر غور کیا گیا۔

شاہین آفریدی پہلے بھی ٹی20 فارمیٹ میں قومی ٹیم کی قیادت کر چکے ہیں، جب کہ ان کی کپتانی میں لاہور قلندرز نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔

پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان تین ون ڈے میچز پر مشتمل سیریز 4 سے 8 نومبر تک فیصل آباد کے اقبال اسٹیڈیم میں کھیلی جائے گی۔ سیریز کے بعد قومی ٹیم آسٹریلیا کے دورے پر روانہ ہوگی۔

شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ قومی ٹیم کی قیادت اعزاز کی بات ہے اور وہ ٹیم کو نئی کامیابیوں کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے پُرعزم ہیں۔
پی سی بی چیئرمین کے مطابق نوجوان قیادت پاکستان کرکٹ کے مستقبل کے لیے ایک مثبت قدم ہے۔