افواجِ پاکستان نے قوم کی حمایت کے ساتھ سرحدوں کا دفاع کیا۔ایبٹ آباد میں پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں لانگ کورس، ٹیکنیکل کورس، لیڈی کیڈٹ کورس اور انٹیگریٹڈ کورس کے کیڈٹس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کی پروقار تقریب میں فیلڈ مارشل اور آرمی چیف سید عاصم منیر مہمانِ خصوصی تھے۔
پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ افواجِ پاکستان نے قوم کی حمایت کے ساتھ سرحدوں کا دفاع کیا اور آپریشن بنیان مرصوص کے دوران دشمن کو شکست دے کر قوم کا اعتماد مزید مستحکم کیا۔ انہوں نے کہا کہ قوم اس آپریشن میں اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ فولادی دیوار کی طرح کھڑی رہی۔
آرمی چیف نے کہا کہ بھارت کی جانب سے پاکستان پر لگائے گئے بے بنیاد الزامات کے باوجود قوم پہلے سے زیادہ متحد اور یک زبان رہی، اور اللہ کے فضل و قوم کی حمایت سے اپنی زمین کا ایک انچ بھی نہیں چھوڑیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان کے قیام سے اب تک افواجِ پاکستان نے وطن عزیز کے بیرونی اور اندرونی دفاع میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔
فیلڈ مارشل نے مزید کہا کہ ازلی دشمن کے خلاف کارروائیوں میں رافیل طیارے مار گرائے گئے اور دشمن کی متعدد بیسز بشمول ایس-400 سسٹمز کو نشانہ بنایا گیا، جبکہ ملٹی ڈومین وارفیئر کی صلاحیتوں کا بھی بھرپور مظاہرہ کیا گیا۔
تقریب میں 152ویں لانگ کورس، 37ویں ٹیکنیکل گریجویٹ کورس، 71ویں انٹیگریٹڈ کورس اور 26ویں لیڈی کیڈٹ کورس کے کیڈٹس کے ساتھ 40 دوست ممالک کے فوجی بھی شامل تھے، جن کا تعلق عراق، مالدیپ، مالی، نیپال، فلسطین، سری لنکا، یمن، نائیجیریا اور بنگلہ دیش سے تھا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر کی آمد پر حاضرین نے کھڑے ہو کر پرتپاک استقبال کیا اور بعد ازاں مہمانِ خصوصی نے پریڈ کا معائنہ کیا۔
