اسلام آباد: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے کہا ہے کہ بھارتی عسکری قیادت نے ایک بار پھر اشتعال انگیز مہم شروع کر دی ہے، جس کا مقصد بہار اور مغربی بنگال کے انتخابات میں سیاسی فائدہ حاصل کرنا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ ’معرکۂ حق‘ کو گزرے پانچ ماہ ہو چکے ہیں لیکن بھارت اب بھی اپنے بےبنیاد اور جھوٹے پروپیگنڈے سے باز نہیں آیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بھارت ماضی کی طرح ایک بار پھر الیکشن سے قبل پاکستان مخالف بیانیہ چلا رہا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ بھارتی فوجی قیادت کے غیرذمہ دارانہ بیانات سیاسی دباؤ کے تحت سامنے آ رہے ہیں، جو خطے کے امن و استحکام کے لیے خطرہ بن سکتے ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ریاست ہے اور خطے میں پائیدار امن کا خواہاں ہے، تاہم دشمن کے جھوٹے بیانیے کا ہر فورم پر مؤثر جواب دیا جائے گا تاکہ حقائق کو درست انداز میں دنیا کے سامنے لایا جا سکے۔
آئی ایس پی آر نے بھارتی عسکری کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل منوج کمار کٹیار کے حالیہ بیانات کو بھی غیرذمہ دارانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے دعوے سیاسی مقاصد کے لیے کیے جا رہے ہیں۔ ترجمان کے مطابق ایسے بیانات جنگی جنون کو ہوا دیتے ہیں اور خطے میں کشیدگی بڑھانے کا باعث بنتے ہیں۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ پاکستان کے دفاعی ادارے اپنے عوام اور سرحدوں کے تحفظ کے لیے ہر وقت تیار ہیں۔ پاک فوج نے واضح کیا کہ کسی بھی اشتعال انگیزی یا مہم جوئی کا جواب ذمہ دارانہ مگر بھرپور انداز میں دیا جائے گا، تاکہ امن، استحکام اور سچائی پر مبنی بیانیہ برقرار رکھا جا سکے۔