پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان اسٹاف لیول معاہدہ طے
آئی ایم ایف نے پاکستان کے ساتھ قرض پروگرام پر اسٹاف لیول معاہدہ طے ہونے کا اعلان کیا ہے۔ ایگزیکٹو بورڈ کی منظوری کے بعد پاکستان کو 1.2 ارب ڈالر ملیں گے۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ توسیعی فنڈ سہولت کے تحت پاکستان کا اقتصادی پروگرام استحکام کی جانب گامزن ہے۔ مالی سال 2025 میں کرنٹ اکاؤنٹ 14 سال بعد پہلی بار سرپلس میں رہا، افراط زر قابو میں ہے، زرمبادلہ کے ذخائر بہتر ہوئے اور اقتصادی نمو 3.25 سے 3.5 فیصد رہنے کا امکان ہے۔
آئی ایم ایف نے پاکستان کے ماحولیاتی اصلاحات کے پروگرام کو بھی سراہا اور سیلاب سے متاثرہ افراد، فصلوں اور مکانات کے نقصان کے بعد جامع اصلاحات کی ضرورت پر زور دیا۔
وزیر خزانہ محمد اورنگ زیب نے کہا کہ پاکستان رواں سال کے اختتام سے قبل پہلا گرین پانڈا بانڈ جاری کرے گا، قومی ائیر لائن اور بجلی کی تین ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کی فروخت میں پیش رفت ہوئی ہے اور یورپ و برطانیہ کے لیے پروازوں کی بحالی سے سرمایہ کاروں کی دلچسپی بڑھی ہے۔
