پٹرولیم مصنوعات میں 6 روپے فی لٹر کمی کا امکان
ملک میں 16 اکتوبر سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 6 روپے 10 پیسے فی لیٹر جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل میں 97 پیسے فی لیٹر کمی متوقع ہے۔
اسی طرح مٹی کے تیل کی قیمت میں 2 روپے 75 پیسے اور لائٹ ڈیزل آئل میں 1 روپے 64 پیسے فی لیٹر کمی کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق سمری اوگرا کو بھجوا دی گئی ہے۔ اوگرا آج شام قیمتوں میں ردوبدل کی سمری پیٹرولیم ڈویژن کے ذریعے وزارتِ خزانہ کو ارسال کرے گی۔
وزارتِ خزانہ وزیراعظم سے مشاورت کے بعد کل نئی قیمتوں کی حتمی منظوری دے گی۔
واضح رہے کہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں بھی کمی دیکھی گئی ہے۔
برطانوی خام تیل کی قیمت 2 ڈالر 45 سینٹ کمی کے بعد 65.35 ڈالر سے گھٹ کر 62.77 ڈالر فی بیرل ہو گئی، جبکہ امریکی خام تیل 2 ڈالر 56 سینٹ کمی کے بعد 61.78 ڈالر سے کم ہو کر 58.95 ڈالر فی بیرل پر آگیا۔
ماہرین کے مطابق عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں کمی کے باعث ملکی سطح پر عوام کو ریلیف ملنے کا امکان بڑھ گیا ہے۔