ABS24
نیوز
ABS24 News Network
💰 زرمبادلہ
🇺🇸 امریکی ڈالر ₨278.34 🇪🇺 یورو ₨323.15 🇬🇧 پاؤنڈ ₨373.66 🇸🇦 سعودی ریال ₨74.22 🇦🇪 درہم ₨75.79 🇨🇳 چینی یوان ₨41.11

امیر قطر کا وزیراعظم پاکستان کے دورۂ دوحہ پر اظہارِ تشکر

👁️ 0 مرتبہ پڑھا گیا
امیر قطر کا وزیراعظم پاکستان کے دورۂ دوحہ پر اظہارِ تشکر

امیر قطر کا وزیراعظم پاکستان کے دورۂ دوحہ پر اظہارِ تشکر

وزیراعظم شہباز شریف نے اسرائیل کے حالیہ حملے کے تناظر میں اظہارِ یکجہتی کے طور پر قطر کا ایک روزہ سرکاری دورہ کیا، جہاں ان کی ملاقات امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے ہوئی۔

وزیراعظم آفس کے اعلامیے کے مطابق شہباز شریف نے 9 ستمبر کو دوحہ پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے قطر کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت پر کھلا حملہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی قیادت اور عوام برادر ملک قطر کے ساتھ کھڑے ہیں اور اس مشکل گھڑی میں امیر قطر، شاہی خاندان اور قطری عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔

وزیراعظم نے قطری قیادت کو یقین دلایا کہ پاکستان بلاجواز اشتعال انگیزی کے خلاف ان کے ساتھ ہے، اور اسرائیلی حملے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہری ہمدردی کا اظہار کیا۔ انہوں نے غزہ میں قیام امن کے لیے قطر کے مثبت اور تعمیری ثالثی کردار کو سراہا اور کہا کہ اسرائیل کی جارحیت خطے کے استحکام کے لیے خطرہ ہے اور اس سے جاری سفارتی و انسانی کوششیں بھی متاثر ہو رہی ہیں۔

شہباز شریف نے مزید بتایا کہ قطر کی درخواست پر پاکستان نے اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس بلانے کی تجویز دی تھی۔ انہوں نے 15 ستمبر کو عرب اسلامی سربراہی اجلاس کی میزبانی کے قطر کے فیصلے کا خیر مقدم کیا اور پاکستان کی جانب سے او آئی سی اجلاس کے شریک اسپانسر کے طور پر تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔

اس موقع پر وزیراعظم نے رواں برس بھارت کی بلاجواز جارحیت کے دوران پاکستان کی حمایت پر امیر قطر کا شکریہ ادا کیا۔

امیر قطر نے بھی وزیراعظم شہباز شریف کے دورۂ دوحہ اور اظہارِ یکجہتی پر شکریہ ادا کیا۔ ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے خطے میں امن و استحکام کے فروغ، بین الاقوامی قوانین کی پاسداری، فلسطینی عوام کے جائز حقوق کی حمایت اور پاک قطر تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

 

اپنی رائے کا اظہار کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں پر * کا نشان لگا ہوا ہے۔