خیبرپختونخوا،سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں،19 دہشت گرد جہنم واصل
خیبر پختونخوا میں سیکیورٹی فورسز نے دو روز کے دوران تین مختلف کارروائیوں میں 19 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ضلع مہمند کے علاقے میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر آپریشن کیا گیا، جس میں دہشت گردوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا گیا۔ فائرنگ کے شدید تبادلے کے بعد 14 دہشت گرد مارے گئے۔
شمالی وزیرستان کے علاقے دتہ خیل میں کی گئی ایک اور کارروائی میں 4 دہشت گرد ہلاک ہوئے جبکہ تیسرے آپریشن کے دوران ضلع بنوں میں ایک دہشت گرد مارا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشت گرد بھارتی سرپرستی میں سرگرم تھے اور مختلف دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث رہے۔ کارروائیوں کے دوران اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
ترجمان کے مطابق کسی بھی ممکنہ خطرے کے خاتمے کے لیے متاثرہ علاقوں میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک کو دہشت گردی سے پاک کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔