ملتان:سیلاب متاثرین کی کشتی ڈوبنے سے 5 افراد جاں بحق
ملتان کی تحصیل جلال پور پیر والا میں سیلاب متاثرین کے انخلا کے دوران کشتی الٹنے سے خاتون اور بچوں سمیت 5 افراد جاں بحق جبکہ متعدد افراد پانی میں ڈوب گئے۔
ریسکیو 1122 کے مطابق واقعہ پانی کے تیز بہاؤ کے باعث پیش آیا۔ حادثے کے بعد ریسکیو ٹیموں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے 12 سے زائد افراد کو بچا لیا، تاہم ایک بچہ تاحال لاپتہ ہے اور اس کی تلاش جاری ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے ڈپٹی کمشنر ملتان سے رابطہ کر کے واقعے کی رپورٹ لی اور ہدایت دی کہ متاثرین کے انخلا کے دوران کشتیوں میں ہرگز اوورلوڈنگ نہ کی جائے اور زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کی جائے۔
ریسکیو حکام کے مطابق اب تک ملتان میں فلڈ آپریشن کے ذریعے 9 ہزار سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے، جبکہ ساڑھے 3 لاکھ سے زائد شہریوں اور جانوروں کا پیشگی انخلا کیا جا چکا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے حادثے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لواحقین سے تعزیت اور ہمدردی کی ہے اور متاثرہ خاندانوں کی ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کرائی ہے۔