صبا قمر کو شوٹنگ کے دوران دل کی تکلیف کا سامنا
صبا قمر کو آئی سی یو (انتہائی نگہداشت وارڈ) میں داخل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے ایمرجنسی میں متعدد طبی اقدامات کیے، جس میں انجیوگرافی بھی شامل تھی۔
ڈاکٹروں نے تصدیق کی کہ اسپتال پہنچنے کے وقت اداکارہ کی حالت نہایت تشویشناک تھی اور فوری طبی امداد نہ دی جاتی تو صورتحال جان لیوا ہو سکتی تھی، تاہم بروقت علاج اور مکمل نگرانی کے بعد ان کی طبیعت سنبھل گئی اور انہیں اسپتال کے وی آئی پی روم میں منتقل کیا گیا۔
رپورٹس ذرائع کا حوالہ دے کر بتایا گیا کہ صبا ایک بڑے پروجیکٹ پر مسلسل کام کر رہی تھیں اور شدید ذہنی دباؤ اور تھکن کا شکار تھیں، ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ ان کی حالت زیادہ کام اور نیند کی کمی کے باعث بگڑی۔
صبا قمر کی حالت اب بہتر ہے اور انہیں اسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا ہے، ڈاکٹروں نے انہیں کئی ہفتے آرام کرنے اور جسمانی مشقت سے پرہیز کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ مکمل صحت یابی ممکن ہو سکے۔
اداکارہ کے مداحوں اور شوبز حلقوں کی جانب سے ان کی جلد صحتیابی کے لیے سوشل میڈیا پر نیک تمناؤں اور دعاؤں کا سلسلہ جاری ہے۔




