بنگلادیش اپنے فیصلے پرقائم، بھارت جا کر میچز کھیلنے سے انکار-ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026 کے معاملے پر بنگلادیش اپنے فیصلے پر قائم ہے اور بھارت جا کر میچز کھیلنے سے انکار برقرار رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
ڈھاکا میں بنگلادیش کرکٹ بورڈ، قومی ٹیم کے کھلاڑیوں اور مشیرِ کھیل کے درمیان ہونے والے اہم اجلاس کے بعد واضح ہو گیا ہے کہ بنگلادیش حکومت اور کرکٹ بورڈ اپنے مؤقف سے پیچھے ہٹنے کو تیار نہیں۔ بنگلادیش کی خواہش ہے کہ ورلڈکپ کے تمام میچز بھارت کے بجائے سری لنکا میں منتقل کیے جائیں۔
اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بی سی بی کے صدر امین الاسلام نے کہا کہ بنگلادیش ایک مرتبہ پھر اپنے مؤقف کے ساتھ آئی سی سی سے رابطہ کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ آئی سی سی کی جانب سے 24 گھنٹوں کی مہلت دینا مناسب طرزِ عمل نہیں کیونکہ ایک عالمی ادارہ رکن ممالک پر اس انداز میں دباؤ نہیں ڈال سکتا۔
مشیرِ کھیل آصف نذرل نے بھی مؤقف دہرایا اور کہا کہ بھارت نہ جانے کا فیصلہ حکومت نے سکیورٹی خدشات کی بنیاد پر کیا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آئی سی سی بنگلادیش کو سری لنکا میں میچز کھیلنے کی اجازت دے گا۔
واضح رہے کہ بدھ کے روز آئی سی سی نے اپنے بورڈ اجلاس کے بعد بنگلادیش کے سکیورٹی خدشات مسترد کرتے ہوئے خبردار کیا تھا کہ اگر مؤقف برقرار رکھا گیا تو بنگلادیش کی جگہ کسی اور ٹیم کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں شامل کیا جا سکتا ہے۔
