شیخ حسینہ کے بینک لاکرز سے 10 کلو سونا ضبط
بنگلہ دیشی حکام نے سابق وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کے بینک لاکرز سے 10 کلوگرام سونا تحویل میں لے لیا ہے، جس کی مالیت تقریباً 13 لاکھ ڈالر (تقریباً 37 کروڑ پاکستانی روپے) بتائی جا رہی ہے۔ حکام کے مطابق یہ کارروائی تحائف کو سرکاری توشہ خانہ میں جمع نہ کروانے اور مبینہ مالی بے ضابطگیوں کے شکوک کی بنیاد پر کی گئی۔
نیشنل بورڈ آف ریونیو کے سینٹرل انٹیلی جنس سیل (سی آئی سی) نے عدالت کے احکامات پر دو لاکرز—751 اور 753—کھولے، جن سے سونے کی اینٹیں، سکے اور زیورات برآمد ہوئے۔ تمام کارروائی بینک کے قواعد کے مطابق مکمل کی گئی۔
ان لاکرز کو 17 ستمبر کو خفیہ اطلاع پر آگرانی بینک کی دلکشا شاخ سے ضبط کیا گیا تھا، جہاں ٹیکس چوری اور غیر قانونی اثاثوں کے شبہات کی بنیاد پر چھاپہ مارا گیا تھا۔
حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ شیخ حسینہ نے وزارتِ عظمیٰ کے دوران ملنے والے بعض قیمتی تحائف ریاستی خزانے میں جمع نہیں کرائے تھے۔
رواں ماہ انٹرنیشنل کرائمز ٹربیونل کی جانب سے شیخ حسینہ کو طلبہ کے احتجاج پر مبینہ کریک ڈاؤن کے مقدمے میں سزائے موت سنائی گئی تھی۔ تین رکنی بینچ نے 453 صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلے میں متعدد کارروائیوں کی ذمہ داری ان پر عائد کی۔ فیصلے میں سابق وزیر داخلہ اسد الزماں کمال کو بھی سزائے موت جبکہ سابق آئی جی چوہدری عبداللہ المامون کو پانچ سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔
