خیبر پختونخوا،سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں،23 دہشت گرد ہلاک
خیبر پختونخوا کے علاقوں باجوڑ اور بنوں میں 16 اور 17 نومبر کو سیکیورٹی فورسز نے اہم کارروائیاں کرتے ہوئے بھارتی پراکسی خوارج کے 23 دہشت گرد ہلاک کردیے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق باجوڑ میں ہونے والے آپریشن میں 11 خوارج مارے گئے جن میں گروہ کا سرغنہ سجاد عرف ابوذر بھی شامل تھا۔ کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز سے نشانہ بنایا گیا۔
بنوں میں خفیہ معلومات کی بنیاد پر کیے گئے آپریشن میں 12 خوارج کو ہلاک کیا گیا، جبکہ بھارتی سرپرستی میں سرگرم دیگر دہشت گردوں کے خلاف آپریشنز جاری ہیں۔ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے انسدادِ دہشت گردی کے اقدامات مسلسل جاری رکھیں گے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کلاچی میں انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی کے دوران 10 خوارج ہلاک ہوئے، جبکہ شمالی وزیرستان کے علاقے دتہ خیل میں آپریشن کے دوران 5 دہشت گرد مارے گئے۔
ان کامیاب کارروائیوں پر وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر داخلہ محسن نقوی نے سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ 18 نومبر کی صبح بنوں میں خوارج کی ایک اور کوشش بروقت ناکام بنا دی گئی۔ ایک دہشت گرد بارودی سرنگ نصب کرتے ہوئے ہلاک ہوا جس سے ممکنہ بڑے نقصان سے بچاؤ ہوا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ واقعات بھارتی حمایت یافتہ خوارج کی بڑھتی ہوئی مایوسی اور بوکھلاہٹ کا واضح ثبوت ہیں، جو اب آسان اہداف کو نشانہ بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
