موٹر وے پر افسوسناک حادثہ،3 جاں بحق،16 زخمی
بھیرہ۔موٹر وے پر بھیرہ کے قریب خوفناک ٹریفک حادثہ پیش آیا، جس میں 3 افراد جاں بحق اور 16 زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور سے اسلام آباد جانے والی سکائی ویز بس تیز رفتار ٹرالر سے ٹکرا گئی۔ تصادم اتنا شدید تھا کہ بس کا اگلا حصہ مکمل طور پر تباہ ہوگیا۔
حادثے میں بس ڈرائیور عارف (ساکن لاہور) اور بس ہوسٹس عائشہ (ساکن تلہ گنگ) موقع پر ہی دم توڑ گئے، جبکہ ایک زخمی اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگیا۔
ریسکیو 1122 کے مطابق حادثے میں 16 مسافر زخمی ہوئے، جن میں چار خواتین اور دو بچے بھی شامل ہیں۔ زخمیوں کو نزدیکی اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے جبکہ امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
پولیس کے مطابق حادثے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں تاکہ وجوہات کا تعین کیا جا سکے۔
