بریکنگ نیوز

کین ولیمسن نے ٹی ٹوئنٹی سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا

نومبر 2, 2025 admin

کین ولیمسن نے ٹی ٹوئنٹی سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا

نیوزی لینڈ کے سٹار بیٹر اور سابق کپتان کین ولیمسن نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائر ہونے کا اعلان کیا ہے۔ نیوزی لینڈ کرکٹ کے مطابق ولیمسن آئندہ ویسٹ انڈیز کے خلاف ہونے والی وائٹ بال سیریز میں حصہ نہیں لیں گے تاکہ دسمبر میں ہونے والی تین ٹیسٹ میچز کی سیریز پر توجہ مرکوز کر سکیں۔

کین ولیمسن ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں نیوزی لینڈ کی جانب سے سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹرز میں دوسرے نمبر پر ہیں۔ انہوں نے 2011 میں ٹی ٹوئنٹی ڈیبیو کیا اور 93 میچز میں 2,575 رنز اسکور کیے، جن میں 18 نصف سنچریاں شامل ہیں۔

مزید برآں، ولیمسن نے 75 ٹی ٹوئنٹی میچز میں نیوزی لینڈ کی قیادت کی اور بلیک کیپس کو 2 مرتبہ سیمی فائنل (2016 اور 2022) اور ایک مرتبہ فائنل (2021) تک پہنچایا۔

ریٹائرمنٹ کے فیصلے کی وضاحت کرتے ہوئے ولیمسن نے کہا، "مجھے محسوس ہوا کہ اب وقت آگیا ہے کہ میں ٹی ٹوئنٹی سے ایک قدم پیچھے ہٹ جاؤں۔ یہ میرے اور ٹیم کے لیے درست وقت ہے۔ اس سے ٹیم کو آئندہ سیریز اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے واضح سمت ملے گی۔”

انہوں نے نئے کپتان مچل سینٹنر کی تعریف کرتے ہوئے انہیں شاندار لیڈر قرار دیا اور ٹیم کے مستقبل پر اعتماد کا اظہار کیا۔ واضح رہے کہ ولیمسن ون ڈے اور ٹیسٹ میچز کھیلتے رہیں گے۔