فضا علی شادی سیزن کے لیے نیا گانا ریلیز کرنے جا رہی ہیں
معروف اداکارہ، ماڈل، میزبان اور گلوکارہ فضا علی نے شادیوں کے سیزن کے آغاز پر مداحوں کے لیے خوشخبری دی ہے۔
انسٹاگرام پر جاری ویڈیو میں فضا علی نے بتایا کہ ان کا نیا گانا ‘مہندی والی رات’ ریلیز کے لیے تیار ہے اور یہ جلد سوشل میڈیا اور دیگر موسیقی پلیٹ فارمز پر دستیاب ہوگا۔
گانے کی باقاعدہ لانچنگ تقریب رواں ماہ منعقد ہوگی، جس میں شوبز انڈسٹری کی متعدد نامور شخصیات شریک ہوں گی۔ گانے کی ہدایات عادل عسکری نے دی ہیں جبکہ موسیقی تابو نے ترتیب دی ہے۔ یہ گانا پاکستانی ثقافت، روایتی شادیوں اور مہندی کی خوشیوں کو خوبصورتی سے پیش کرتا ہے۔
فضا علی نے گانے کے بارے میں کہا کہ یہ ایک دلکش اور خوشگوار گانا ہے، جس کے بول خوبصورت ہیں اور شادیوں کے سیزن میں سننے والوں کو بے حد پسند آئیں گے۔
واضح رہے کہ فضا علی پہلے بھی شادیوں کے موضوع پر متعدد گانے ریلیز کر چکی ہیں، جن میں “سہرا” اور “مہندی کی رات” (2021) شامل ہیں، جنہیں یوٹیوب اور دیگر پلیٹ فارمز پر لاکھوں ویوز مل چکے ہیں۔




