پی ایم اے کاکول میں پاسنگ آؤٹ پریڈ،فیلڈ مارشل مہمانِ خصوصی
ایبٹ آباد: پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں 152ویں لانگ کورس کی شاندار پاسنگ آؤٹ پریڈ منعقد ہوئی، جس میں فیلڈ مارشل اور آرمی چیف عاصم منیر نے بطورِ مہمانِ خصوصی شرکت کی۔
تقریب میں 37ویں ٹیکنیکل گریجویٹ کورس، 71ویں انٹیگریٹڈ کورس اور 26ویں لیڈی کیڈٹ کورس کے کیڈٹس نے بھی تربیت مکمل کرنے کے بعد پاس آؤٹ کیا۔
پاسنگ آؤٹ پریڈ میں عراق، مالدیپ، یمن، فلسطین، مالی، سری لنکا اور نائیجیریا سمیت دوست ممالک کے 40 کیڈٹس نے بھی شرکت کی۔ نوجوان کیڈٹس نے شاندار مارچ پاسٹ پیش کیا جس پر شرکا نے بھرپور داد دی۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے پریڈ کا معائنہ کیا اور نمایاں کارکردگی پر بابر کمپنی کو قائداعظم ایوارڈ سے نوازا۔
تقریب میں پاک فوج کے سینئر افسران، غیر ملکی سفارتکاروں اور معزز مہمانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
