بریکنگ نیوز

وزیراعظم شہباز شریف 3روزہ سرکاری دورے پرکوالالمپور پہنچ گئے

اکتوبر 5, 2025 admin

وزیراعظم شہباز شریف 3روزہ سرکاری دورے پرکوالالمپور پہنچ گئے

کوالالمپور: وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف تین روزہ سرکاری دورے پر ملائیشیا پہنچ گئے، جہاں ان کا شاندار اور پُرتپاک استقبال کیا گیا۔

بنگا رایا انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ملائیشیا کے وزیر اطلاعات و کمیونیکیشنز فہمی فاضل، پاکستانی ہائی کمشنر سید احسن رضا شاہ اور سفارتی عملے نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔ بعد ازاں وزیراعظم کو شاہی پروٹوکول کے ساتھ ان کی رہائش گاہ منتقل کیا گیا۔

ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم نے رہائش پر پہنچنے پر شہباز شریف کا گرمجوشی سے خیر مقدم کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم نے ملائیشیا کی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ “ملائیشیا آکر بے حد خوشی ہوئی، یہ دورہ پاک–ملائیشیا تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جائے گا۔”

دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف اپنے ہم منصب انور ابراہیم سے ملاقات کریں گے اور وفود کی سطح پر مذاکرات بھی ہوں گے۔ ملاقات میں علاقائی و عالمی امور کے علاوہ مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

توقع ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت، آئی ٹی، ٹیلی کمیونیکیشن، حلال انڈسٹری، سرمایہ کاری، تعلیم، توانائی، انفراسٹرکچر، ڈیجیٹل اکانومی اور عوامی سطح پر روابط کے فروغ کے لیے متعدد معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہوں گے۔

وزیراعظم کے ہمراہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ، معاون خصوصی طارق فاطمی اور اعلیٰ سرکاری حکام پر مشتمل وفد موجود ہے۔

یہ دورہ وزیراعظم انور ابراہیم کی دعوت پر کیا جا رہا ہے اور دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے حوالے سے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔