ایشیا کپ:پاکستان اور بھارت آج ہائی وولٹیج مقابلے کے لیے تیار
دبئی: ایشیا کپ ٹی 20 ٹورنامنٹ میں پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں آج دبئی کے میدان میں آمنے سامنے ہوں گی۔ گروپ اے کے اس میچ کا آغاز پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے 7 بجے ہوگا، اور دونوں ٹیمیں فتح کے لیے پرعزم ہیں۔
یہ چھ ماہ کے دوران دونوں ٹیموں کا دوسرا ٹکراؤ ہے، اس سے قبل چیمپئنز ٹرافی میں وہ آمنے سامنے آچکی ہیں۔ حالیہ فارم کے لحاظ سے دونوں ٹیمیں مضبوط دکھائی دے رہی ہیں، بھارت نے یو اے ای کو 9 وکٹوں سے شکست دی، جبکہ پاکستان نے افغانستان اور یو اے ای کو ہرایا۔
ایشیا کپ میں بھارت نے اب تک 19 میچوں میں سے 10 اور پاکستان نے 6 فتوحات حاصل کی ہیں۔ پاکستان نے بھارت کے خلاف آخری بار 2022 میں فتح حاصل کی تھی۔ بھارت 8 بار ایشیا کپ کا چیمپئن رہا ہے جبکہ پاکستان یہ اعزاز دو مرتبہ حاصل کر چکا ہے۔
پاکستانی شائقین کو قومی کھلاڑی فخر زمان، صائم ایوب، سلمان آغا اور حارث سے امیدیں وابستہ ہیں، جبکہ بھارت کے شبمن گل، سوریا کمار یادیو اور جسپریت بمراہ مہلک ہتھیار سمجھے جاتے ہیں۔
قومی بلے باز صائم ایوب نے کہا کہ ہر کھلاڑی بڑے مقابلے کی تیاری کر رہا ہے اور وکٹ خشک ہونے کی وجہ سے پہلے بیٹنگ کا فیصلہ بہتر ہوگا۔
