وزیراعظم نے سیلاب متاثرہ علاقوں میں بجلی بلوں کی وصولی روک دی
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے سیلاب متاثرہ علاقوں میں اگست کے بجلی بلوں کی وصولی فوری طور پر روک دی ہے۔
وزیراعظم کی زیر صدارت سیلاب متاثرہ علاقوں میں بجلی بلوں سے متعلق اجلاس منعقد ہوا، جس میں بجلی تقسیم کار کمپنیوں کو ہدایت دی گئی کہ متاثرہ صارفین سے اگست کے بل وصول نہ کیے جائیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ آئی ایم ایف سے معاملات طے ہونے کے بعد متاثرہ علاقوں کے لیے بجلی بل پیکیج کا حتمی اعلان کیا جائے گا، اور جن صارفین سے اگست کا بل پہلے ہی وصول کیا جاچکا ہے، اسے آئندہ ماہ کے بلوں میں ایڈجسٹ کیا جائے گا۔
شہباز شریف نے واضح کیا کہ سیلاب نے پورے پاکستان میں لاکھوں افراد کو متاثر کیا ہے، اور متاثرین کی بحالی تک وفاقی و صوبائی ادارے بھرپور کوششیں جاری رکھیں گے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ جب تک سیلاب متاثرہ خاندان اپنے گھروں میں واپس نہیں پہنچ جاتے، حکومت سکون سے نہیں بیٹھے گی۔
