افغان سرزمین سے دہشتگردی روکنا طالبان کی ذمے داری

ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ افغان سرزمین سے دہشتگردی روکنا طالبان کی ذمے داری ہے، ریاست دہشت گردوں سے بات نہیں کرے گی۔

ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے واضح کیا ہے کہ افغان سرزمین سے دہشتگردی روکنا طالبان حکومت کی بنیادی ذمے داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی سرپرستی میں افغانستان کی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال ہو رہی ہے جسے ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے مزید کہا کہ ریاست کی پالیسی بالکل واضح اور دو ٹوک ہے کہ دہشت گردوں کے ساتھ کسی قسم کی بات چیت نہیں ہوگی۔ پاکستان اپنے عوام اور سرحدوں کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گا اور دہشتگردی کے خاتمے تک یہ جنگ جاری رہے گی۔

انہوں نے زور دیا کہ افغان حکام کو اپنی سرزمین دہشتگردی کے لیے استعمال کرنے والوں کے خلاف فوری کارروائی کرنی چاہیے ورنہ پاکستان خود اس خطرے سے نمٹنے کا حق رکھتا ہے۔