کیا پاکستان میں 10 روپے کا نوٹ ختم ہونے جا رہا ہے؟
کیا پاکستان میں 10 روپے کا نوٹ ختم ہونے جا رہا ہے؟
کیا پاکستان میں 10 روپے کا نوٹ ختم ہونے جا رہا ہے؟-فی الحال 10 روپے کا کرنسی نوٹ قانونی طور پر گردش میں ہے اور اسے ختم کرنے کے حوالے سے کوئی حتمی تاریخ سامنے نہیں آئی۔
اسلام آباد: پاکستان میں 10 روپے کے کرنسی نوٹ کو ختم کرکے اس کی جگہ 10 روپے کا سکہ جاری کیے جانے سے متعلق سوشل میڈیا پر مختلف دعوے گردش کر رہے ہیں، تاہم اس حوالے سے تاحال کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق نئی کرنسی نوٹوں کی سیریز متعارف کرانے کی تجویز وفاقی کابینہ کو بھجوائی گئی ہے اور اس پر غور جاری ہے۔ مرکزی بینک نے واضح کیا ہے کہ فی الحال کسی بھی موجودہ کرنسی نوٹ کو ختم کرنے یا اس کی جگہ سکہ جاری کرنے کی تاریخ مقرر نہیں کی گئی۔
10 روپے کے نوٹ سے متعلق بحث اس وقت شروع ہوئی جب اسٹیٹ بینک کے ڈپٹی گورنر ڈاکٹر عنایت حسین نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کو بتایا کہ مستقبل کی کرنسی سیریز میں 10 روپے کے نوٹ کو برقرار رکھنے یا اس کی جگہ 10 روپے کا سکہ متعارف کرانے پر غور کیا جا رہا ہے۔
اس بیان کے بعد سوشل میڈیا پر یہ دعوے سامنے آنے لگے کہ 10 روپے کا نوٹ رواں ماہ کے اختتام پر ختم کردیا جائے گا اور اسے تبدیل کرنے کے لیے مخصوص تاریخ مقرر کردی گئی ہے۔ تاہم اسٹیٹ بینک کی جانب سے ایسی کوئی حتمی تاریخ یا باضابطہ اعلان جاری نہیں کیا گیا۔
مرکزی بینک کے ترجمان نے بھی واضح کیا کہ 10 روپے کے نوٹ کو ختم کرکے اس کی جگہ سکہ جاری کرنے کا کوئی حتمی فیصلہ ابھی نہیں ہوا۔
ماہرین کے مطابق کم مالیت کے کرنسی نوٹ وقت کے ساتھ اپنی قوت خرید کھو دیتے ہیں۔ ایسے نوٹ مسلسل گردش میں رہنے کے باعث جلد خراب بھی ہوسکتے ہیں، جبکہ سکے نسبتاً زیادہ عرصے تک قابل استعمال رہتے ہیں۔
پاکستان میں اس سے پہلے بھی ایک، دو اور پانچ روپے کے نوٹ ختم کرکے ان کی جگہ سکے متعارف کرائے جا چکے ہیں۔
مالیاتی ماہرین کا کہنا ہے کہ کسی نوٹ کو ختم کرنے کے فیصلے میں اس کی قوت خرید، استعمال، پائیداری اور اسے جاری رکھنے کی لاگت سمیت مختلف عوامل کو مدنظر رکھا جاتا ہے۔
اسٹیٹ بینک کی مالی سال 2025-26 کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں مختلف مالیت کے کرنسی نوٹوں کی چھپائی پر مجموعی طور پر 29.6 ارب روپے خرچ ہوئے، جو گزشتہ مالی سال کے 27.8 ارب روپے کے مقابلے میں زیادہ ہیں۔
تاہم اسٹیٹ بینک نے 10 روپے کے نوٹ کی چھپائی کی الگ لاگت ظاہر نہیں کی، اس لیے یہ کہنا قبل از وقت ہوگا کہ مجوزہ تبدیلی کی بنیادی وجہ صرف نوٹوں کی چھپائی کے اخراجات ہیں۔
فی الحال 10 روپے کا کرنسی نوٹ قانونی طور پر گردش میں ہے اور اسے ختم کرنے کے حوالے سے کوئی حتمی تاریخ سامنے نہیں آئی۔
