میڈ ان پاکستان کو عالمی برانڈ بنانے کا عزم،احسن اقبال

نوجوان ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں، اس لیے انہیں جدید اور مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق ہنر فراہم کرنا ضروری ہے۔

اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے پاکستانی مصنوعات اور برآمدات کو عالمی سطح پر نمایاں مقام دلانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

اسلام آباد میں احسن اقبال کی زیر صدارت وزیراعظم کے اگست 2025 کے دورہ چین کے دوران طے پانے والے ایکشن پلان پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس ہوا، جس میں مختلف منصوبوں پر عمل درآمد کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان چین کے تعاون سے آئی ٹی کے شعبے میں اپنی استعداد کار بڑھانے کے لیے اقدامات کر رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نوجوان ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں، اس لیے انہیں جدید اور مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق ہنر فراہم کرنا ضروری ہے۔

وفاقی وزیر کے مطابق چین کے تعاون سے گرین پاکستان سے متعلق منصوبوں پر بھی کام جاری ہے، جبکہ موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے پاکستان بری طرح متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہے۔

انہوں نے بتایا کہ زرعی شعبے میں تربیت کے لیے ایک ہزار طلبہ کو چین بھیجا گیا ہے تاکہ جدید زرعی طریقوں سے متعلق مہارت حاصل کی جاسکے۔

احسن اقبال نے کہا کہ ملکی معیشت کو مستحکم بنانے کے لیے برآمدات میں اضافہ ناگزیر ہے۔ ان کے مطابق ’اڑان پاکستان‘ پروگرام معاشی ترقی کے لیے اہم ثابت ہو رہا ہے۔

وفاقی وزیر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت مختلف شعبوں میں پیداوار اور برآمدی صلاحیت بہتر بنا کر ’میڈ ان پاکستان‘ کو عالمی سطح پر ایک مضبوط شناخت دلانے کے لیے اقدامات جاری رکھے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

😠
سخت نا پسند
0 Votes
😑
بہتر ہو سکتی تھی
0 Votes
😉
ٹھیک ہے
0 Votes
🙂
اچھی ہے
0 Votes
👍
بہت اچھی ہے
0 Votes