ڈیرہ اسماعیل خان میں اسلحہ اسمگلنگ کی بڑی کوشش ناکام
ڈیرہ اسماعیل خان میں اسلحہ اسمگلنگ کی بڑی کوشش ناکام
ڈیرہ اسماعیل خان میں اسلحہ اسمگلنگ کی بڑی کوشش ناکام-ڈیرہ اسماعیل خان کے قریب پاکستان کسٹمز نے اسلحہ اور گولہ بارود اسمگل کرنے کی بڑی کوشش ناکام بناتے ہوئے بھاری کھیپ قبضے میں لے لی۔
فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے مطابق کلکٹریٹ آف کسٹمز انفورسمنٹ پشاور کی ٹیم نے خفیہ اطلاع پر گولوتی، ڈیرہ اسماعیل خان روٹ پر کارروائی کی۔ کارروائی کے دوران مشتبہ گاڑی کو روکنے کی کوشش کی گئی تاہم ڈرائیور نے گاڑی کی رفتار بڑھا کر فرار ہونے کی کوشش کی۔
کسٹمز اہلکاروں نے گاڑی کا تعاقب کیا اور رات تقریباً ایک بجے سدرا شریف کے مقام پر اسے روک لیا۔ تاہم ڈرائیور گاڑی چھوڑ کر پیدل فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔
حکام کے مطابق گاڑی کی تلاشی کے دوران ایم فور طرز کی رائفلز، جی تھری رائفلز، پستول، مختلف اقسام کے میگزین اور مختلف کیلیبرز کے ہزاروں راؤنڈز برآمد کیے گئے۔
کسٹمز حکام کا کہنا ہے کہ اسلحے کی مقدار، نوعیت اور اسے چھپانے کے طریقہ کار سے شبہ ہے کہ یہ کھیپ علاقے میں سرگرم دہشت گرد یا دیگر جرائم پیشہ عناصر تک پہنچائی جانی تھی۔
برآمد ہونے والے اسلحے، گولہ بارود اور گاڑی کی مجموعی مالیت تقریباً 3 کروڑ 20 لاکھ روپے بتائی گئی ہے۔ تمام سامان کو سرکاری تحویل میں لے لیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق فرار ہونے والے ڈرائیور کی گرفتاری اور اسلحہ اسمگلنگ میں ملوث نیٹ ورک تک پہنچنے کے لیے قانون نافذ کرنے والے اور انٹیلی جنس اداروں کے تعاون سے تحقیقات جاری ہیں۔
کسٹمز حکام نے بتایا کہ واقعے میں ملوث عناصر اور ممکنہ وصول کنندگان کا سراغ لگانے کے لیے بھی کارروائی کی جا رہی ہے، جبکہ کسٹمز ایکٹ 1969 اور دیگر متعلقہ قوانین کے تحت قانونی کارروائی شروع کردی گئی ہے۔
کلکٹر کسٹمز انفورسمنٹ پشاور عائشہ بشیر وانی نے کارروائی کو فیلڈ اسٹاف کی بروقت اطلاع، مستعدی اور پیشہ ورانہ صلاحیت کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ غیر قانونی اسلحے کی ترسیل روکنے کے لیے حساس اور دور دراز راستوں پر کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کسٹمز اسمگلنگ اور غیر قانونی تجارت کے خلاف کارروائیوں میں قانون نافذ کرنے والے اور سیکیورٹی اداروں کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا۔
