ایران میں سڑک کنارے بم دھماکا،5 اہلکار جاں بحق
ایران میں سڑک کنارے بم دھماکا،5 اہلکار جاں بحق
ایران میں سڑک کنارے بم دھماکا،5 اہلکار جاں بحق-ایران کے جنوب مشرقی صوبے سیستان و بلوچستان میں سڑک کنارے نصب بم کے دھماکے میں پاسداران انقلاب کے 5 اہلکار جاں بحق ہوگئے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق پاسداران انقلاب کی زمینی افواج کے جنوب مشرقی قدس ہیڈکوارٹر نے بتایا کہ سیکیورٹی اہلکاروں کا قافلہ صوبے کی ایک سڑک سے گزر رہا تھا کہ اسی دوران سڑک کنارے نصب بم پھٹ گیا۔
پاسداران انقلاب نے حملہ آوروں کو دہشتگرد قرار دیا، تاہم اپنے بیان میں کسی تنظیم یا گروہ کا نام نہیں بتایا۔ ایرانی حکام کے مطابق واقعے میں ملوث عناصر کی شناخت، تلاش اور گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔
ترکیہ کی خبر رساں ایجنسی نے بھی ایرانی حکام کے حوالے سے سڑک کنارے بم دھماکے میں ایک سیکیورٹی اہلکار کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی ہے۔
دوسری جانب ایران انٹرنیشنل نے مقامی ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ زاہدان کے قریب ہونے والے ایک حملے میں پاسداران انقلاب کی قدس فورس سے وابستہ فاطمیون ملیشیا کے 5 اہلکار جاں بحق ہوئے۔
سیستان و بلوچستان میں حالیہ دنوں کے دوران مسلح جھڑپوں اور سیکیورٹی کارروائیوں میں اضافہ ہوا ہے۔ ایرانی حکام نے اس سے قبل ایک کارروائی میں 6 مسلح افراد کو نشانہ بنانے کا دعویٰ بھی کیا تھا۔
مقامی ذرائع کے مطابق زاہدان کے قریب رودماہی کے علاقے میں پاسداران انقلاب کی ایک گاڑی کے قریب دھماکا ہوا، جس کے بعد مسلح افراد کی جانب سے فائرنگ بھی کی گئی۔
تاہم پاسداران انقلاب نے واقعے سے متعلق محدود تفصیلات جاری کی ہیں۔ ادارے نے صوبے میں سڑک کنارے بم دھماکے کی تصدیق کرتے ہوئے ایک اہلکار کے جاں بحق ہونے کی اطلاع دی، تاہم جاں بحق اہلکار کی شناخت، واقعے کا درست مقام اور فاطمیون سے متعلق معلومات بیان نہیں کیں۔
ایرانی سیکیورٹی اداروں نے حملے میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
