جعلی نمبر پلیٹ سے چالان سے بچنے کا انوکھا حربہ ناکام
چالان سے بچنے کے لیے جعلی نمبر پلیٹس لگانے کا انوکھا حربہ استعمال کرنے والے شخص کو پکڑ لیا گیا۔ ٹریفک پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے اس دھوکہ دہی کا پردہ فاش کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایک شہری نے اپنے گاڑی پر غلط نمبر پلیٹس لگا رکھی تھیں تاکہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر ہونے والے جرمانوں سے بچا جا سکے۔ اس فراڈ کے نتیجے میں تمام ای چالان اصل نمبر پلیٹ کے مالک کو موصول ہو رہے تھے۔
متاثرہ شخص کو اس وقت حیرت ہوئی جب ان کے نام پر ایک لاکھ 44 ہزار روپے مالیت کے چالان جمع ہو گئے جو انہوں نے کبھی کیے ہی نہیں تھے۔ شکایت پر ٹریفک پولیس نے تحقیقات شروع کیں اور جعلی نمبر پلیٹس لگا کر چالان سے بچنے کی کوشش کرنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اس طرح کی دھوکہ دہی سنگین جرم ہے اور ایسے عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کریں اور ایسی غیر قانونی سرگرمیوں سے گریز کریں۔
