بریکنگ نیوز

قیوم نیازی کے 9 مئی کیس میں وارنٹ گرفتاری جاری

اگست 3, 2025 admin
قیوم نیازی کے 9 مئی کیس میں وارنٹ گرفتاری جاری

قیوم نیازی کے 9 مئی کیس میں وارنٹ گرفتاری جاری ہوئے تھے، ریلی میں شرکت سے پہلے حراست میں لیا گیا

پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر کے صدر و سابق وزیراعظم آزادکشمیر سردارعبدالقیوم نیازی کو گرفتار کرلیا گیا۔پولیس کے مطابق سردارعبدالقیوم نیازی کے 9 مئی کیس میں وارنٹ گرفتاری جاری ہوئے تھے جس کے بعد پولیس نے گرفتار کیا۔پولیس کے مطابق سردارعبدالقیوم نیازی سماہنی سے گرفتار کیا گیا۔پولیس ذرائع کے مطابق سردار عبدالقیوم نیازی کو سماہنی میں جنڈی چونترہ کے مقام سے گرفتار کیا گیا۔سابق وزیراعظم عبدالقیوم نیازی ایک روزہ دورے پر سماہنی بھمبر آئے ہوئے تھے۔پولیس نے بتایا کہ ریلی میں شرکت سے پہلے عبدالقیوم نیازی کو حراست میں لیا گیا، قیوم نیازی کو گرفتاری کے بعد میرپور منتقل کیا جا رہا ہے۔سردار عبدالقیوم نیازی 4 اگست 2021 سے 14 اپریل 2022 تک آزاد کشمیر کے وزیراعظم رہے۔واضح رہے کہ عمران خان کی جانب سے 5 اگست کو دی گئی احتجاج کی کال کے باعث پی ٹی آئی آزاد کشمیر نے بھی تیاریاں مکمل کرلی ہیں، صدر پی ٹی آئی آزاد کشمیر عبدالقیوم نیازی نے کارکنوں کو بھرپور احتجاج کرنے کی ہدایات دے رکھی ہیں۔ پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر کے صدر و سابق وزیراعظم سردار عبدالقیوم خان نیازی کو بھمبر سے گرفتار کر لیا گیا۔ عبدالقیوم خان نیازی کی گرفتاری کے بعد پارٹی کے چیف آرگنائزر عبدالحمید پوٹھی نے پارٹ کے بطور قائم مقام صدر اپنی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں۔ اس ضمن میں چوک شہیداں میرپور میں ظالمانہ نظام، ناانصافی اور حکومتی جبر کے خلاف بڑی احتجاجی ریلی نکالی گئی، جس کی قیادت پارٹی کے قائم مقام صدر عبدالحمید پوٹھی نے کی۔ریلی سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ناانصافی اور ظلم پر مبنی نظام اپنی آخری سانسیں لے رہا ہے، اور بہت جلد اس کا خاتمہ ہونے والا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے ذاتی مراعات کی بجائے ظلم و جبر کے خلاف آواز بلند کی، اور پاکستانی عوام اور جمہوریت کے تحفظ کے لیے جیل جانا قبول کیا۔ پی ٹی آئی کی قیادت اور کارکنوں کی بے جا گرفتاریاں اس صدی کا بدترین مظالم ہیں، جن کی ہم شدید مذمت کرتے ہیں۔ عبدالحمید پوٹھی نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ پی ٹی آئی کے تمام اسیر رہنماؤں اور کارکنوں کو فی الفور رہا کیا جائے اور اس ظالمانہ اور غیر منصفانہ نظام کا خاتمہ کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ظلم و جبر کا دور زیادہ دیر نہیں چل سکتا، وقت آنے والا ہے کہ ملک میں انصاف اور جمہوریت کا سورج طلوع ہو گا۔ ریلی کے شرکاء نے بھی بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ عمران خان، پی ٹی آئی قیادت اور کارکنان کی جلد رہائی اور جمہوری اقدار کی بحالی کا مطالبہ کیا۔ ریلی میں میرپور بھر کے کارکنان، عہدیداران، نوجوانوں اور عوام علاقہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور پارٹی کے ساتھ اپنی وفاداری کا اظہار کیا۔ ریلی کے دوران آزادی، انصاف اور حق رائے دہی کے حق میں مسلسل نعرے بازی کی گئی۔ شرکاء نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر قیادت کی رہائی اور انصاف کی فراہمی کے مطالبات درج تھے۔ آخر میں پارٹی قائدین نے اس بات کا عزم دہرایا کہ جب تک ملک میں ظلم و جبر اور سیاسی انتقام کا خاتمہ نہیں ہو جاتا، تحریک انصاف اپنی پرامن جدوجہد جاری رکھے گی۔ شرکاء پرعزم تھے کہ عمران خان اور پارٹی قیادت کے ساتھ ہر حال میں کھڑے رہیں گے اور جمہوری حقوق کے لیے اپنی جدوجہد تیز کریں گے۔