اسلام آباد: وزیرِ اعظم شہباز شریف اور امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کے درمیان اہم ملاقات ہوئی ہے، جس میں خطے کی مجموعی صورتحال اور امن و استحکام سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
جاری اعلامیے کے مطابق ملاقات میں امریکی خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر بھی شریک تھے، جبکہ پاکستانی وفد میں نائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار اور وزیرِ داخلہ محسن نقوی موجود تھے۔
ملاقات میں خطے میں امن، استحکام اور باہمی تعاون کے امکانات پر گفتگو کی گئی۔ دونوں فریقین نے خطے میں امن کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے ایران اور امریکا کے درمیان جاری مذاکرات میں ہونے والی پیش رفت کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ بات چیت خطے میں پائیدار امن کی جانب ایک اہم قدم ثابت ہو سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن کے فروغ کے لیے اپنی سہولت کاری کا کردار جاری رکھے گا اور تمام فریقین کے درمیان اعتماد اور تعاون کو فروغ دینے کی کوشش کرے گا۔
