بریکنگ نیوز

پیٹرول کی قیمت میں 80 روپے فی لیٹر کمی

اپریل 4, 2026 admin
پیٹرول کی قیمت میں 80 روپے فی لیٹر کمی

وزیراعظم شہباز شریف نے پیٹرول کی قیمت میں نمایاں کمی کا اعلان کرتے ہوئے عوام کو بڑا ریلیف دے دیا ہے۔

وزیراعظم کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 80 روپے فی لیٹر کمی کی گئی ہے، جس کے بعد نئی قیمت 378 روپے فی لیٹر مقرر ہوگی۔ یہ کمی آج رات 12 بجے کے بعد نافذ العمل ہوگی اور اس کا اطلاق ایک ماہ تک پورے ملک میں رہے گا۔

قوم سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ عالمی حالات، خصوصاً خلیجی خطے میں کشیدگی کے باعث تیل کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے، جس سے دنیا بھر کی معیشتیں متاثر ہوئی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے کوشش کی کہ مہنگائی کا بوجھ براہ راست عوام پر منتقل نہ ہو اور اسی مقصد کے لیے گزشتہ تین ہفتوں میں اضافی اخراجات برداشت کیے گئے۔

وزیراعظم نے بتایا کہ حکومت نے تقریباً 129 ارب روپے خرچ کر کے عوام کو مہنگائی کے اثرات سے بچانے کی کوشش کی۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی اور عسکری قیادت خطے میں امن کے قیام کے لیے سرگرم ہے اور جب تک صورتحال بہتر نہیں ہوتی، اپنی ذمہ داریاں ادا کرتے رہیں گے۔

عوام کو مزید ریلیف دینے کے لیے وزیراعظم نے مختلف شعبوں کے لیے سبسڈی کا اعلان بھی کیا۔ موٹرسائیکل سواروں کو فی لیٹر 100 روپے تک سبسڈی دی جائے گی جبکہ گڈز ٹرانسپورٹ اور پبلک ٹرانسپورٹ کو 70 سے 80 ہزار روپے ماہانہ تک ریلیف فراہم کیا جائے گا۔ مسافر بسوں کے لیے یہ سبسڈی ایک لاکھ روپے ماہانہ تک ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ ریلوے کے کرایوں میں اضافہ نہیں کیا جائے گا جبکہ چھوٹے کاشتکاروں کو فی ایکڑ 1500 روپے سبسڈی دی جائے گی۔ اسی طرح مال بردار گاڑیوں کو فی لیٹر 100 روپے کے حساب سے سبسڈی دینے کا اعلان بھی کیا گیا۔

وزیراعظم کے مطابق چھوٹے ٹرکوں کو 70 ہزار اور بڑے ٹرکوں کو 80 ہزار روپے ماہانہ سبسڈی دی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ صوبوں نے بھی اس ریلیف پیکج میں بھرپور تعاون کیا ہے اور یہ تمام اقدامات گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بھی نافذ ہوں گے۔