ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے وسطی ایران کی فضاؤں میں پرواز کرنے والے ایک اور امریکی ایف-35 لڑاکا طیارے کو مار گرایا ہے۔
ایرانی خبر رساں اداروں کے مطابق یہ طیارہ نشانہ بننے کے بعد مکمل طور پر تباہ ہو کر گر گیا۔ رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ شدید نقصان کے باعث طیارے کے پائلٹ کے بارے میں فوری طور پر کوئی معلومات دستیاب نہیں ہو سکیں۔
ایک رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ دھماکا اس قدر شدید تھا کہ پائلٹ کے محفوظ نکلنے کے امکانات کم دکھائی دیتے ہیں، تاہم اس حوالے سے کسی قسم کی باضابطہ تصدیق سامنے نہیں آئی۔
دوسری جانب امریکی سینٹرل کمانڈ کی جانب سے اس تازہ دعوے پر فوری ردعمل سامنے نہیں آیا، البتہ اس سے قبل اسی نوعیت کے ایک دعوے کو مسترد کیا جا چکا ہے۔
واضح رہے کہ اس معاملے پر دونوں جانب سے متضاد بیانات سامنے آنے کے باعث صورتحال اب بھی غیر واضح ہے۔
