بریکنگ نیوز

بنوں،تھانہ ڈومیل کے قریب خودکش دھماکا،5 جاں بحق

اپریل 3, 2026 admin
بنوں،تھانہ ڈومیل کے قریب خودکش دھماکا،5 جاں بحق

 خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں تھانہ ڈومیل کے قریب ہونے والے خودکش دھماکے اور فائرنگ کے واقعے میں کم از کم پانچ افراد جاں بحق جبکہ 13 زخمی ہو گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق دھماکا انتہائی شدید نوعیت کا تھا جس کی آواز دور دور تک سنی گئی۔ دھماکے کے باعث قریبی آبادی میں گھروں کے دروازے اور کھڑکیاں ہل کر رہ گئیں، جبکہ متعدد مکانات کو بھی نقصان پہنچا۔

ابتدائی معلومات کے مطابق بارود سے بھری ایک گاڑی تھانے کے پچھلے حصے سے ٹکرائی جس کے نتیجے میں زور دار دھماکا ہوا۔ دھماکے سے سنتری پوسٹ اور تھانے کی عمارت کا ایک بڑا حصہ تباہ ہو گیا۔

واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ قریبی گھروں کی چھتیں گرنے کی اطلاعات بھی سامنے آئیں، جس کے باعث کئی افراد ملبے تلے دب گئے۔ ایک زخمی بچی کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔

ریسکیو 1122 کی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں، تاہم بارش کے باعث امدادی کارروائیوں میں مشکلات پیش آئیں۔ فائرنگ رکنے کے بعد ریسکیو اہلکاروں نے باقاعدہ سرچ اور ریسکیو آپریشن شروع کیا۔

ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر بخت اللہ وزیر کے مطابق اب تک پانچ افراد جاں بحق ہو چکے ہیں جبکہ 13 زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا ہے، جن میں پانچ پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ علاقے کی مکمل کلیئرنس تک آپریشن جاری رہے گا۔

دوسری جانب علاقے میں فوری امداد کے لیے مساجد میں اعلانات کیے جا رہے ہیں اور مقامی شہری بھی ریسکیو سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔

آر پی او بنوں کے مطابق بروقت اور مؤثر سیکیورٹی اقدامات کے باعث حملے کو ناکام بنا دیا گیا، تاہم حملہ آوروں نے بزدلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نہتے شہریوں کو نشانہ بنایا۔