کراچی: سندھ حکومت نے کراچی کے گل پلازہ میں آگ لگنے سے جاں بحق ہونے والے شہریوں کے لواحقین کو معاوضے کی ادائیگی کا عمل مکمل کرنے میں پیش رفت کی ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت بدھ کو ہونے والے اجلاس میں بتایا گیا کہ 72 متاثرین میں سے 61 کے اہل خانہ کو گھروں پر چیک کے ذریعے معاوضہ فراہم کر دیا گیا ہے، جبکہ باقی 11 کیسز کی تصدیق کا عمل جاری ہے۔ ہر متاثرہ خاندان کے لیے ایک کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں، مجموعی طور پر 85 کروڑ روپے متاثرین کے لیے مختص کیے گئے ہیں۔
اجلاس میں یہ بھی بتایا گیا کہ متاثرہ تاجروں کے لیے 60 کروڑ روپے کا ریلیف پیکج تیار کیا گیا ہے، جس کے تحت ہر دکاندار کو 5 لاکھ روپے مالی امداد دی جائے گی۔ اب تک 843 دکانداروں کو کے سی سی آئی کے ذریعے امداد فراہم کی جا چکی ہے، جبکہ دکانوں کی حتمی تعداد 1209 قرار دی گئی ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کمشنر کراچی کو ہدایت دی کہ تصدیقی عمل کو تیز کیا جائے اور متاثرہ خاندانوں و تاجروں کو ہر ممکن ریلیف فراہم کیا جائے۔ اجلاس میں سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (SBCA) کو گل پلازہ کی از سر نو تعمیر کے لیے تفصیلی منصوبہ پیش کرنے کی بھی ہدایت دی گئی۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ انصاف یقینی بنایا جائے گا اور متاثرہ خاندانوں و تاجروں کے حقوق کا مکمل تحفظ کیا جائے گا۔
