این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹرنے 9 سے 12 مارچ 2026 کے لیے الرٹ جاری کر دیا ہے ،9 سے 12 مارچ کے دوران خیبر پختونخواہ، پنجاب، کشمیر اور گلگت کے مختلف علاقوں میں بارش متوقع ہے۔
خطہ پوٹھوہار بشمول اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم اور میانوالی میں اگلے 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران آندھی اور ہلکی بارش کا امکان ہے، اسلام آباد اور خطہ پوٹھوہار کےبالائی علاقوں میں ژالہ باری کا بھی امکان ہے،
9 سے 11 مارچ کے دوران خیبر پختونخواہ کے مختلف علاقوں میں آندھی کے ساتھ ہلکی بارش بھی ہو سکتی ہے۔
چترال، دیر، ہری پور، کرک، کوہاٹ، کوہستان، خیبر، کرم، مانسہرہ، مہمند، نوشہرہ، مالاکنڈ، چارسدہ، ایبٹ آباد، بنوں، بونیر، پشاور، صوابی اور گردونواح میں بھی ہلکی بارش متوقع ہے،
گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں 9 سے 11 مارچ کے دوران چند مقامات پرہلکی بارش اور جزوی ابر آلود موسم متوقع ہے۔ استور، گلگت، اسکردو، دیامر، غذر، ہنزہ، نگر، مظفرآباد، نیلم، ہٹیاں بالا، باغ، حویلی اور پونچھ کے علاقوں میں بھی بارش متوقع ہے۔




