بریکنگ نیوز

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 55روپے کا بڑا اضافہ

مارچ 7, 2026 admin
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 55روپے کا بڑا اضافہ

حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑا اضافہ کر دیا ہے جس کے تحت پیٹرول اور ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 55، 55 روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔ نئی قیمتوں کا اطلاق رات 12 بجے سے شروع ہو گیا ہے جبکہ اب ہر ہفتے قیمتوں میں ردوبدل کیا جائے گا۔

نائب وزیراعظم نے وزیر خزانہ اور وزیر پیٹرولیم کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ مشرق وسطیٰ میں بڑھتی کشیدگی کے باعث عالمی سطح پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں تقریباً 50 فیصد تک اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم صورتحال کا مسلسل جائزہ لے رہے ہیں تاکہ عوام پر ممکنہ حد تک کم بوجھ ڈالا جا سکے۔

انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی قائم کی گئی ہے جو عالمی مارکیٹ میں قیمتوں کے اتار چڑھاؤ پر روزانہ کی بنیاد پر غور کر رہی ہے۔ کمیٹی مختلف ممالک کے رہنماؤں اور سفارتی سطح پر ہونے والی پیش رفت سے بھی آگاہ رہتی ہے تاکہ خطے میں پیدا ہونے والی صورتحال کا بہتر انداز میں جائزہ لیا جا سکے۔

وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ کمیٹی گزشتہ پانچ روز سے مسلسل کام کر رہی ہے اور روزانہ اجلاس منعقد کیے جا رہے ہیں۔ ان اجلاسوں میں پیٹرولیم ڈویژن، اسٹیٹ بینک اور دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندے بھی شریک ہوتے ہیں۔ ان کے مطابق توانائی کے شعبے کا براہ راست تعلق ملکی معیشت سے ہے، اسی لیے اس کے اثرات کا تفصیلی جائزہ لیا جا رہا ہے جبکہ تجارت کے شعبے پر پڑنے والے ممکنہ اثرات بھی زیر غور ہیں۔

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 55روپے کا بڑا اضافہ

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 55روپے کا بڑا اضافہ

انہوں نے مزید کہا کہ ملک اس وقت نسبتاً مستحکم پوزیشن میں ہے اور پیٹرولیم مصنوعات کے ذخائر بھی موجود ہیں، تاہم اگر عالمی صورتحال زیادہ عرصے تک برقرار رہی تو حالات تبدیل ہو سکتے ہیں۔ حکومت آئندہ فیصلے حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے کرے گی۔

وزیر پیٹرولیم نے بتایا کہ خطے میں جاری کشیدگی نے توانائی کی سپلائی کو متاثر کیا ہے اور کئی راستوں پر دباؤ بڑھ گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے پیشگی اقدامات کرتے ہوئے پیٹرولیم ذخائر کو محفوظ بنانے کی کوشش کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کی بڑی مقدار میں توانائی آبنائے ہرمز کے راستے آتی ہے، اس لیے متبادل انتظامات کے لیے سعودی عرب سے بھی رابطہ کیا گیا ہے اور کروڈ آئل لانے کے لیے دو جہاز روانہ ہو چکے ہیں۔

وزیر پیٹرولیم کے مطابق عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ ان کے بقول گزشتہ جائزے کے وقت پیٹرول کی عالمی قیمت تقریباً 78 ڈالر فی بیرل اور ڈیزل کی 88 ڈالر فی بیرل کے قریب تھی، جو اب بڑھ کر بالترتیب تقریباً 108 اور 150 ڈالر فی بیرل سے زیادہ ہو چکی ہے۔

حکومت کا کہنا ہے کہ زراعت اور پبلک ٹرانسپورٹ سمیت مختلف شعبوں کو مدنظر رکھتے ہوئے قیمتوں میں 55 روپے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے جو فوری طور پر نافذ ہو گیا ہے۔

نئے اضافے کے بعد ملک میں پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 321 روپے 17 پیسے جبکہ ڈیزل کی قیمت 335 روپے 86 پیسے تک پہنچ گئی ہے۔