بھارتی ریاست آسام میں بھارتی فضائیہ کا جدید لڑاکا طیارہ سوخوئی ایس یو 30 ایم کے آئی ریڈار سے رابطہ منقطع ہونے کے بعد گر کر تباہ ہو گیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق طیارہ معمول کی پرواز پر تھا جب اچانک اس کا رابطہ کنٹرول روم اور ریڈار سے منقطع ہو گیا۔ کچھ ہی دیر بعد اطلاعات موصول ہوئیں کہ طیارہ آسام کے ایک علاقے میں گر کر تباہ ہو گیا ہے۔
حکام کے مطابق طیارہ لاپتا ہونے کے فوراً بعد سرچ اور ریسکیو آپریشن شروع کر دیا گیا تھا۔ فضائیہ اور زمینی ٹیموں کو ممکنہ مقام پر بھیج دیا گیا ہے تاکہ طیارے اور اس میں سوار عملے کے بارے میں معلومات حاصل کی جا سکیں۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق طیارہ کس وجہ سے گر کر تباہ ہوا، اس کی وجہ ابھی تک معلوم نہیں ہو سکی۔ حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مکمل تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں اور مزید تفصیلات جلد سامنے آنے کا امکان ہے۔
سوخوئی ایس یو 30 ایم کے آئی روسی ساختہ جدید ملٹی رول لڑاکا طیارہ ہے جو بھارتی فضائیہ کے اہم ترین جنگی طیاروں میں شمار کیا جاتا ہے اور اسے مختلف فضائی اور زمینی مشنز کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔
