بریکنگ نیوز

ایران اسرائیل جنگ چھٹے روز جاری،دوحہ میں دھماکوں کی آوازیں

مارچ 5, 2026 admin
ایران اسرائیل جنگ چھٹے روز جاری،دوحہ میں دھماکوں کی آوازیں

ایران اسرائیل جنگ چھٹے روز جاری،دوحہ میں دھماکوں کی آوازیں-ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری جنگ چھٹے روز بھی شدت کے ساتھ جاری ہے،

 

جس کے باعث مشرقِ وسطیٰ سمیت دنیا کے مختلف حصوں میں کشیدگی میں اضافہ ہوگیا ہے۔ اسرائیل نے ایران اور لبنان میں حزب اللہ کے ٹھکانوں پر مزید حملے کیے ہیں۔

اطلاعات کے مطابق اسرائیلی فضائیہ نے تہران، قم میں ایک فوجی تنصیب اور اصفہان میں فضائی دفاعی نظام کو نشانہ بنایا۔ دوسری جانب ایران نے بھی اسرائیل پر میزائلوں کی نئی بارش کی، جس کے باعث تل ابیب اور یروشلم میں سائرن بج اٹھے اور شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

ادھر امریکا میں قانون سازوں نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ایران کے خلاف جاری حملوں کو محدود کرنے کی تجویز مسترد کر دی ہے، جس کے بعد امریکا کو ایران کے خلاف کارروائیاں جاری رکھنے کی عملی اجازت مل گئی ہے۔

قطر کے دارالحکومت دوحہ میں بھی آسمان پر متعدد دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں۔ صحافیوں کے مطابق قطر کے فضائی دفاعی نظام نے حملوں کو ناکام بنانے کی کوشش کی جس کے بعد فضا میں دھوئیں کے بادل دیکھے گئے۔ تاحال کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

ایران کی جانب سے جنگ کے آغاز کے بعد سے قطر کو بھی روزانہ کی بنیاد پر میزائل حملوں کا نشانہ بنایا جا رہا ہے جسے تہران کی جوابی کارروائیوں کا حصہ قرار دیا جا رہا ہے۔

دوسری جانب سری لنکا کے قریب ایک اور ایرانی جنگی جہاز کی موجودگی کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ سری لنکن حکام کے مطابق ایک ایرانی جنگی جہاز ملک کی سمندری حدود کے قریب پہنچ چکا ہے جبکہ حکام اس حوالے سے صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں۔

اس سے ایک روز قبل امریکی آبدوز نے ایرانی جنگی جہاز کو نشانہ بنا کر تباہ کر دیا تھا۔ امریکی وزیر دفاع نے تصدیق کی کہ ایرانی فریگیٹ کو ٹارپیڈو حملے سے ڈبو دیا گیا جس کے نتیجے میں کم از کم 87 ایرانی ملاح ہلاک ہو گئے جبکہ 32 کو بچا کر طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

ایرانی جہاز پر سوار عملے کی تعداد سو سے زائد بتائی جا رہی ہے اور خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ دوسرا جہاز بھی حملے کا نشانہ بن سکتا ہے، جس کے باعث خطے میں کشیدگی مزید بڑھنے کا امکان ہے۔