امریکی سینیٹ نے ایران پر فوجی حملوں کے لیے کانگریس سے پیشگی منظوری لینے سے متعلق قرارداد مسترد کر دی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق قرارداد میں مطالبہ کیا گیا تھا کہ ایران کے خلاف جاری فضائی حملے فوری طور پر روکے جائیں اور کسی بھی مزید فوجی کارروائی سے قبل کانگریس کی منظوری حاصل کی جائے۔ تاہم ایوان بالا میں ووٹنگ کے دوران یہ قرارداد 47 کے مقابلے میں 52 ووٹوں سے مسترد ہو گئی۔
100 رکنی سینیٹ میں ہونے والی اس ووٹنگ کے دوران سینیٹرز کی اکثریت نے ایران کے خلاف جاری فوجی کارروائی کی حمایت کی۔ قرارداد کو مختلف اراکین نے پیش کیا تھا جس میں ڈیموکریٹس اور ری پبلکنز دونوں جماعتوں کے سینیٹرز شامل تھے۔
پارلیمانی صورتحال کے مطابق سینیٹ میں ری پبلکن پارٹی کو برتری حاصل ہے۔ ایوان میں ری پبلکن پارٹی کی 53 نشستیں ہیں جبکہ ڈیموکریٹک پارٹی کے پاس 45 نشستیں موجود ہیں۔ اس کے علاوہ دو آزاد سینیٹرز بھی ہیں جو عمومی طور پر ڈیموکریٹس کی حمایت کرتے ہیں۔
قرارداد کی ناکامی کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ایران کے خلاف جاری فوجی کارروائیوں کے معاملے میں سیاسی حمایت حاصل ہونے کا تاثر مل رہا ہے۔
