ایران کی میزائل صلاحیت کو غیر مئوثر بنانا ہدف ہے،امریکہ-امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے ایران کے خلاف جاری کارروائیوں سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ واشنگٹن کا بنیادی مقصد ایران کی بیلسٹک میزائل صلاحیت کو غیر مؤثر بنانا ہے تاکہ خطے اور عالمی سلامتی کو لاحق خطرات کم کیے جا سکیں۔
میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے الزام عائد کیا کہ ایران نے خلیجی ممالک میں فوجی اور غیر فوجی اہداف کو نشانہ بنایا اور متعدد میزائل داغے، جس کے نتیجے میں جانی نقصان ہوا۔ ان کے مطابق اگر امریکا پیشگی اقدام نہ کرتا تو نقصان کہیں زیادہ ہو سکتا تھا۔
مارکو روبیو نے اس بات پر زور دیا کہ ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ ان کا کہنا تھا کہ میزائل ٹیکنالوجی اور ممکنہ جوہری صلاحیت کا امتزاج عالمی سطح پر سنگین خطرات پیدا کر سکتا ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ جاری آپریشن بین الاقوامی قوانین کے دائرے میں رہتے ہوئے کیا جا رہا ہے اور امریکی کانگریس کو صورتحال سے مسلسل آگاہ رکھا جا رہا ہے۔
ایک اور بیان میں امریکی وزیر خارجہ نے موجودہ ایرانی حکومت کو عوام کی حقیقی نمائندہ قرار دینے سے انکار کیا اور کہا کہ امریکا ایرانی عوام کے لیے بہتر مستقبل کا خواہاں ہے۔ انہوں نے یہ بھی عندیہ دیا کہ اگر ایرانی عوام کو مدد درکار ہو تو امریکا اس حوالے سے تعاون پر غور کر سکتا ہے۔
دوسری جانب ایران کی طرف سے ان بیانات پر باضابطہ ردعمل کا انتظار ہے، جبکہ خطے میں کشیدگی بدستور برقرار ہے۔




