بریکنگ نیوز

امریکا میں شدید برفانی طوفان کے پیش نظر ہزاروں پروازیں منسوخ

فروری 23, 2026 admin
امریکا میں شدید برفانی طوفان کے پیش نظر ہزاروں پروازیں منسوخ

 امریکا میں شدید برفانی طوفان کے پیش نظر ہزاروں پروازیں منسوخ-امریکا کے شمال مشرقی علاقوں میں متوقع شدید برفانی طوفان کے باعث ہزاروں پروازیں منسوخ اور تاخیر کا شکار ہو گئی ہیں جبکہ لاکھوں افراد کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔

اتوار کی شام تک 14 ہزار سے زائد پروازیں متاثر ہوئیں، جن میں تقریباً 8,858 پروازیں منسوخ اور 5,196 تاخیر کا شکار رہیں۔ ایئر لائنز نے مسافروں کو ممکنہ سفری مشکلات سے آگاہ کرتے ہوئے تبدیلی اور منسوخی کی فیسیں عارضی طور پر معاف کرنے کا اعلان کیا ہے۔ متاثرہ فضائی کمپنیوں میں جیٹ بلیو، امریکن ایئر لائنز، ڈیلٹا ایئر لائنز، ساؤتھ ویسٹ ایئر لائنز اور یونائیٹڈ ایئر لائنز شامل ہیں۔

ماہرین موسمیات کے مطابق نوریسٹر طوفان کے نتیجے میں بعض علاقوں میں ایک سے دو فٹ سے زائد برف باری کا امکان ہے۔ رپورٹ کے مطابق 40 ملین سے زیادہ افراد برفانی طوفان کی وارننگ کے دائرے میں ہیں۔

ریاست نیویارک اور نیو جرسی میں ہنگامی حالت نافذ کر دی گئی ہے، جبکہ کنیکٹی کٹ، ڈیلاویئر، میساچوسٹس اور رہوڈ آئی لینڈ بھی متاثرہ ریاستوں میں شامل ہیں۔

پیش گوئی کے مطابق اتوار کی رات سے برف باری میں شدت آئے گی اور نیویارک سٹی، فلاڈیلفیا اور بوسٹن میں 18 سے 24 انچ تک برف پڑنے کا امکان ہے۔

امریکی نیشنل ویدر سروس نے خبردار کیا ہے کہ طوفان کے دوران 55 میل فی گھنٹہ تک ہوائیں چل سکتی ہیں، جس سے حد نگاہ کم ہو جائے گی اور سفر خطرناک بلکہ جان لیوا بھی ثابت ہو سکتا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ تیز ہواؤں اور بھاری، گیلی برف کے باعث متعدد علاقوں میں بجلی کی بندش کا بھی خدشہ ہے۔