پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان میچ بارش کے باعث منسوخ-سپر ایٹ مرحلے میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان اہم مقابلہ مسلسل بارش کے باعث بغیر کسی گیند کے منسوخ کر دیا گیا، جس کے بعد دونوں ٹیموں کو ایک، ایک پوائنٹ دے دیا گیا۔
میچ کے مقررہ وقت سے قبل ہی بارش کا امکان ظاہر کیا جا رہا تھا اور گزشتہ روز بھی پاکستانی ٹیم کا ٹریننگ سیشن خراب موسم کے باعث منسوخ کرنا پڑا تھا۔ ٹاس کے موقع پر پاکستان کے کپتان سلمان علی آغا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، تاہم اسی دوران بوندا باندی شروع ہوگئی جو بعد ازاں تیز بارش میں تبدیل ہوگئی۔ گراؤنڈ اسٹاف نے فوری طور پر کورز بچھا دیے لیکن مسلسل بارش کے باعث میدان میں پانی کھڑا ہوگیا اور پچ کے اطراف گڑھے بن گئے۔
امپائرز نے سرکاری وقت سے دو گھنٹے سے زائد انتظار کیا مگر موسم میں بہتری نہ آنے پر میچ ختم کرنے کا فیصلہ کیا۔
پاکستان نے پلیئنگ الیون میں تبدیلی کرتے ہوئے خواجہ نافے کی جگہ فخر زمان کو شامل کیا تھا، جبکہ نیوزی لینڈ نے تین تبدیلیاں کیں جن میں کپتان مچل سینٹنر کی ٹیم میں واپسی بھی شامل تھی۔
دونوں ٹیموں کے لیے سپر ایٹ مرحلہ نہایت اہم ہے اور اب غلطی کی گنجائش کم رہ گئی ہے۔ پاکستان اپنا اگلا میچ انگلینڈ کے خلاف کھیلے گا جبکہ نیوزی لینڈ سری لنکا سے ٹکرائے گا۔ گروپ کے تمام میچز سری لنکا میں شیڈول ہیں۔
