بریکنگ نیوز

بنوں،سیکیورٹی قافلے پر حملہ،پانچ شدت پسند ہلاک،2جوان شہید

فروری 21, 2026 admin
بنوں،سیکیورٹی قافلے پر حملہ،پانچ شدت پسند ہلاک،2جوان شہید

بنوں،سیکیورٹی قافلے پر حملہ،پانچ شدت پسند ہلاک،2جوان شہید

راولپنڈی میں جاری بیان کے مطابق بنوں میں سیکیورٹی فورسز کے قافلے کو نشانہ بنانے کی کوشش کے دوران پاک فوج کے ایک لیفٹیننٹ کرنل اور ایک سپاہی شہید ہوگئے، جبکہ جوابی کارروائی میں پانچ شدت پسند مارے گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر نے بتایا کہ فورسز کو بارودی مواد سے بھری گاڑی کے ذریعے ممکنہ خودکش حملے کی اطلاع ملی تھی، جس پر خفیہ معلومات کی بنیاد پر علاقے میں آپریشن کیا جا رہا تھا۔

بیان کے مطابق آپریشن کے دوران ایک گاڑی میں سوار خودکش حملہ آور کو اگلے دستے نے بروقت روک لیا۔ بعدازاں شدت پسندوں نے بارود سے بھری گاڑی فورسز کی ایک گاڑی سے ٹکرا دی، جس کے نتیجے میں لیفٹیننٹ کرنل شہزادہ گل فراز اور سپاہی کرامت شاہ شہید ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں پانچ شدت پسند بھی ہلاک ہوئے، جبکہ بروقت کارروائی کے باعث بنوں شہر کو بڑے نقصان سے بچا لیا گیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ حملہ آور شہریوں اور سیکیورٹی اہلکاروں کو نشانہ بنانا چاہتے تھے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ ملک میں دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی اور سیکیورٹی فورسز انسداد دہشت گردی مہم کو پوری قوت سے آگے بڑھائیں گی۔