بنوں میں تھانہ میریان کے مرکزی گیٹ کے باہر بم دھماکے میں بچے سمیت دو افراد جاں بحق اور کم از کم 20 زخمی ہو گئے۔
پولیس کے مطابق دہشتگردوں نے بارود سے بھرا زرنج رکشہ تھانے کے مین گیٹ سے ٹکرایا، جبکہ قریبی دکانوں کے سامنے کھڑی موٹر سائیکل میں بھی آئی ای ڈی نصب کی گئی تھی، جس کے دھماکے سے شہری متاثر ہوئے۔
ڈی آئی جی بنوں سجاد خان کے مطابق پولیس اہلکار محفوظ رہے، تاہم بچے سمیت دو افراد جان کی بازی ہار گئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا اور ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔
دھماکے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے موقع پر پہنچ گئے، علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور ملوث عناصر کو جلد گرفتار کیا جائے گا۔
