بریکنگ نیوز

خیرپور،مسافر بس اور ٹریلر میں تصادم،11 جاں بحق،10 زخمی

فروری 15, 2026 admin
خیرپور،مسافر بس اور ٹریلر میں تصادم،11 جاں بحق،10 زخمی

خیرپور،مسافر بس اور ٹریلر میں تصادم،11 جاں بحق،10 زخمی ہوگئے

حادثہ سندھ کے ضلع خیرپور کے علاقے ٹنڈو مستی کے قریب پیش آیا، جہاں تیز رفتار مسافر بس اوورٹیکنگ کے دوران ٹریلر سے جا ٹکرائی۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثے میں بس ڈرائیور اور کنڈیکٹر بھی جاں بحق ہونے والوں میں شامل ہیں۔

امدادی ٹیموں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے لاشوں اور زخمیوں کو خیرپور سول اسپتال منتقل کردیا، جہاں زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔ بس پنجاب سے کراچی جا رہی تھی۔

ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں حادثہ مبینہ طور پر ڈرائیور کی غفلت اور تیز رفتاری کے باعث پیش آیا۔ اطلاع ملتے ہی موٹروے پولیس، ریسکیو 1122 اور مقامی پولیس موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی سرگرمیاں شروع کی گئیں۔

آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے ایس ایس پی خیرپور کو فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ کر امدادی کارروائیوں کی نگرانی کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے زخمیوں کی بروقت اسپتال منتقلی اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے راستے کلیئر رکھنے کا حکم بھی دیا۔

حکام کے مطابق روڈ کلیئرنس کا عمل جاری ہے جبکہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔