کولمبو: ICC Men’s T20 World Cup 2026 کے سب سے بڑے اور سنسنی خیز مقابلے کا وقت آن پہنچا، روایتی حریف پاکستان اور بھارت آج آمنے سامنے ہوں گے۔
کرکٹ شائقین کی نظریں Colombo میں ہونے والے اس ہائی وولٹیج ٹاکرے پر جمی ہیں جہاں میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے 6 بجے شروع ہوگا۔ موسم ابر آلود رہنے اور ہلکی بارش کے امکان نے مقابلے کو مزید دلچسپ بنا دیا ہے۔
دونوں ٹیمیں ایونٹ میں اب تک اپنے اپنے دو، دو میچ جیت چکی ہیں، تاہم آج کی فتح گروپ میں پہلی پوزیشن کا فیصلہ کرے گی۔ بھارتی ٹیم اپنی مضبوط بیٹنگ لائن اپ کے ساتھ میدان میں اترے گی جبکہ قومی ٹیم کی امیدیں تیز رفتار اور متنوع بولنگ اٹیک سے وابستہ ہیں۔
گرین شرٹس نے ہلکی بوندا باندی کے باوجود بھرپور پریکٹس سیشن کیا اور بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ کے شعبوں میں تیاریوں کو حتمی شکل دی۔ دوسری جانب بھارتی ٹیم نے بھی ٹریننگ کی، تاہم بارش کے باعث ان کا سیشن مکمل نہ ہوسکا۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے ریکارڈ پر نظر ڈالیں تو اس فارمیٹ میں بھارت کو پاکستان پر سبقت حاصل رہی ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک کھیلے گئے 8 میچز میں سے 7 میں بھارت کامیاب رہا جبکہ پاکستان نے ایک فتح اپنے نام کی۔
آج کا مقابلہ نہ صرف اعصاب کا امتحان ہوگا بلکہ مہارت، حکمت عملی اور دباؤ میں کارکردگی کا بھی اصل امتحان ثابت ہوگا۔ شائقین کرکٹ ایک اور یادگار پاک بھارت ٹاکرے کے منتظر ہیں۔
